امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کی امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ پر جروحات کا تحقیقی جائزہ
ائمہ کرام کے باہمی اختلافات اور جروحات کا موضوع ہمیشہ علمی دنیا میں دلچسپی کا باعث رہا ہے۔ ان میں ایک مشہور معاملہ امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کی جانب سے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ پر جرح ہے، جو اکثر اہلحدیث غیر مقلدین کے ہاں دلیل کے طور پر پیش کی جاتی ہے۔ یہاں ہم اس مسئلے کا علمی، تحقیقی اور منصفانہ جائزہ پیش کرتے ہیں۔
حصہ اول
امام سفیان ثوری رحمہ اللہ سے منقول امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ پر جروحات
دونوں ائمہ کا علمی مقام و مرتبہ
امام سفیان ثوری رحمہ اللہ اور امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ ہم عصر تھے اور کوفہ کے رہنے والے تھے۔ دونوں علم حدیث اور فقہ میں امامت کے درجے پر فائز تھے۔ فقہ ثوری اور فقہ حنفی میں بھی کثیر مماثلت پائی جاتی ہے۔ جیسا کہ "امام وکیع بن جراح رحمہ اللہ کی حنفیت" نامی رسالے میں تفصیل سے بیان کیا گیا ہے، دونوں فقہاء کے درمیان صرف چند فروعی مسائل میں اختلاف تھا۔ مثلاً، امام ابو سفیان صالح بن مہران فرماتے ہیں کہ امام سفیان ثوری رحمۃ اللہ علیہ نے امام ابو حنیفہ رحمۃ اللہ علیہ سے صرف 15 مسائل میں اختلاف کیا تھا۔حوالہ: طبقات المحدثين بأصبهان 218/2، تمام رواة ثقہ ہیں۔
معاصرانہ چشمک یا علمی اختلاف؟
کتب تاریخ میں ہمیں ایسا کوئی قول نہیں ملتا جس میں امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ نے امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کے خلاف سخت زبان استعمال کی ہو۔ یہ امام اعظم رحمہ اللہ کے تقویٰ کا مظہر ہے۔ البتہ امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کی جانب سے امام صاحب پر سخت جملے اور جرح کی گئی، جو اکثر غیر مفسر ہوتی تھی۔
1. ادھوری روایتِ توبہ
امام سفیان ثوری رحمہ اللہ بعض مجالس میں بیان کرتے کہ امام ابو حنیفہ سے دو مرتبہ کفر سے توبہ کروائی گئی۔ تاہم جب ان سے اس کا سبب دریافت کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ یہ توبہ کفر سے متعلق نہ تھی۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بعض اوقات تعصب کی بنا پر ادھورا واقعہ بیان کیا گیا۔(مزید تفصیل کیلئے دیکھیں " النعمان سوشل میڈیا سروسز " کی ویب سائٹ پر موجود ، تانیب الخطیب امام ابو حنفیہ رحمہ اللہ پر اعتراض نمبر 42 ) یہ بالکل اس آدھی آیت کو بیان کرنے کی طرح ہے: "یٰۤاَیُّہَا الَّذِیۡنَ اٰمَنُوۡا لَا تَقۡرَبُوا الصَّلٰوۃَ" (اے ایمان والو! نماز کے قریب نہ جاؤ) اگر اس آیت کا بقیہ حصہ نہ بتایا جائے: "وَ اَنۡتُمۡ سُکٰرٰی..." (جب تم نشے میں ہو)، تو یہ گمراہی پھیلانے کے مترادف ہے۔ اسی طرح امام ثوری رحمہ اللہ کا ادھورا بیان بھی لوگوں کو گمراہ کرنے کا سبب بنا۔
2. مخالفت برائے مخالفت
محدث امام سفیان ثوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں "ما أحب أن أوافقهم على الحق - يعني أبا حنيفة" ترجمہ: ’’میں نہیں چاہتا کہ حق بات میں بھی ابو حنیفہ کی موافقت کروں۔‘‘ «العلل» رواية المروزي وغيره (ص١٧٢):
یہ جملہ تعصب کی شدت کی واضح دلیل ہے۔ ایسے شخص کی جرح کو غیر جانبدار تصور کرنا انصاف کے تقاضوں کے خلاف ہے، اسی لئے ائمہ جرح و تعدیل جیسے امام ذہبی، ابن حجر، امام مزی وغیرہ نے اس جرح کو اہمیت نہیں دی۔
3. کوئی معقول اعتراض نہ پیش کرنا
جب امام ابو حنیفہؒ کے استدلال کا طریقہ (اصول استنباط - قرآن، سنت، اقوال صحابہ، پھر اجتہاد) امام سفیانؒ کے سامنے پیش کیا گیا تو وہ کوئی واضح اعتراض نہ کر سکے۔ سائل کے بار بار پوچھنے پر بھی وہ کوئی معقول وجہ نہ بتا سکے کہ وہ امام ابو حنیفہؒ پر اعتراض کیوں کرتے ہیں۔ بلکہ خاموش ہو گئے اور یہ الفاظ کہے: "نسلم ما سمعنا، ونكل ما لا نعلم إلى عالمه، ونتهم رأينا لرأيهم" (ہم جو سنیں اسے قبول کرتے ہیں، جو نہ جانیں اسے عالم کے سپرد کرتے ہیں، اور اپنی رائے کو ان کی رائے کے مقابلے میں کمتر سمجھتے ہیں) حوالہ: تاریخ بغداد 15/504، اسنادہ صحیح
نتیجہ:
-
امام سفیان ثوری رحمہ اللہ اور امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے درمیان اختلافات معاصرانہ تھے، جن کی بنیاد بعض اوقات ذاتی رجحانات اور تعصبات پر مبنی تھی۔
-
امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے فقہی اصول واضح، مبنی بر دلیل اور کتاب و سنت کے مطابق تھے جنہیں امام سفیان بھی رد نہ کر سکے۔
-
امام ثوری کی بعض جروحات، بالخصوص وہ جو تعصب پر مبنی تھیں، اہل علم کے ہاں ناقابل اعتبار قرار پائیں۔
-
امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی علمی عظمت کا اعتراف بڑے بڑے محدثین اور فقہاء نے کیا ہے، ان پر تنقید کرنے والے آج بھی ادھوری باتوں کو بنیاد بناتے ہیں۔
دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کی لغزشوں کو معاف فرمائے اور ہمیں ان جیسے علم و عمل والے بنائے، اور فتنہ انگیز لوگوں سے امت کو محفوظ رکھے۔ آمین۔
حصہ دوم
حصہ سوم
امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کے طرزِ عمل سے امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کی عظمت کا روشن ثبوت
اعتراض سے اعتراف تک: امام سفیان ثوریؒ کا امام ابو حنیفہؒ کے بارے میں رویہ
تمہید
تاریخی روایات اور معتبر اسناد سے یہ حقیقت سامنے آتی ہے کہ امام سفیان ثوری رحمہ اللہ کا امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ کے بارے میں عمومی رویہ بظاہر سخت اور معترضانہ تھا۔ مگر جب بھی ان سے کسی شاگرد نے براہِ راست سوال کیا — جیسے کہ عبد اللہ بن مبارک، یحییٰ بن ضریس یا امام ابو قطن نے — تو امام سفیان ثوری رحمہ اللہ نہ تو کسی علمی خطا یا شرعی غلطی کی طرف اشارہ کر سکے، اور نہ ہی امام ابو حنیفہ پر اپنے اعتراض کی کوئی معقول دلیل پیش کر سکے۔ بلکہ ہر موقع پر: وہ خاموش ہو جاتے، ندامت کا اظہار کرتے، سر جھکا لیتے، نظریں نیچی کر لیتے، اور آخرکار امام ابو حنیفہ کی علمی عظمت، تقویٰ، اور دیانت کا برملا اعتراف کرتے۔
1. عبداللہ بن مبارک اور امام سفیان ثوری کا مکالمہ
عبد الله بن المبارك قال: سألت أبا عبد الله سفيان بن سعيد الثوري عن الدعوة للعدو أواجبة هي اليوم؟ فقال: قد علموا على ما يقاتلون، قال ابن المبارك: فقلت له: إن أبا حنيفة يقول في الدعوة ما قد بلغك، قال فصوب بصره وقال لي: كتبت عنه؟ قلت: نعم، قال فنكس رأسه ثم التفت يمنياً وشمالاً، ثم قال: كان أبو حنيفة شديد الأخذ للعلم، ذاباً عن حرام الله عز وجل عن أن يستحل، يأخذ بما صح عنده من الأحاديث التي تحملها الثقات وبالآخر من فعل رسول الله صلى الله عليه وسلم، وما أدرك عليه علماء الكوفة، ثم شنّع عليه قوم نستغفر الله، نستغفر الله.
(فضائل ابي حنيفة, ابی ابی العوامؒ رقم 144 اسنادہ حسن ، الانتقاء ,ابن عبد البر المالكي– مناقب ائمه اربعه , ابن عبد الهادي الحنبلیؒ)
عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ بیان کرتے ہیں کہ جب انہوں نے امام سفیان ثوری رحمہ اللہ سے امام ابو حنیفہ کے بارے میں سوال کیا تو امام ثوری رحمہ اللہ نے پہلے سر جھکا لیا، نظر نیچی کر لی، دائیں بائیں دیکھا، اور پھر امام ابو حنیفہ کی خوب تعریف کی۔ انہوں نے کہا: "ابوحنیفہ علم کو سختی سے اخذ کرنے والے تھے، حرام چیزوں سے سختی سے بچاتے تھے، ثقہ راویوں سے صحیح احادیث لیتے تھے، نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل اور علماء کوفہ (صحابہ و تابعین) کے عمل پر عمل کرتے تھے۔" آخر میں امام سفیان ثوری نے ان پر طعن کرنے والوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے دو مرتبہ استغفار کیا۔ (فضائل ابی حنیفہ: روایت نمبر 144، اسناد حسن)
2. یحییٰ بن ضریس اور سفیان ثوری کا مکالمہ
جب امام ابو حنیفہؒ کے استدلال کا طریقہ (اصول استنباط - قرآن، سنت، اقوال صحابہ، پھر اجتہاد) امام سفیانؒ کے سامنے پیش کیا گیا تو وہ کوئی واضح اعتراض نہ کر سکے۔سائل کے بار بار پوچھنے پر بھی وہ کوئی معقول وجہ نہ بتا سکے کہ وہ امام ابو حنیفہؒ پر اعتراض کیوں کرتے ہیں۔ بلکہ خاموش ہو گئے
حوالہ: تاریخ بغداد 15/504، اسنادہ صحیح
جب یحییٰ بن ضریس رحمہ اللہ نے سفیان ثوری رحمہ اللہ سے امام ابو حنیفہ پر جرح کی وجہ دریافت کی، تو امام ثوری کوئی معقول جواب پیش نہ کر سکے۔ یہ خاموشی اس بات کی دلیل ہے کہ ان کے پاس امام ابو حنیفہ کے خلاف کوئی مضبوط علمی دلیل موجود نہ تھی۔
3. امام ابو قطن اور سفیان ثوری کا واقعہ
امام سفیان ثوری رحمہ اللہ بعض مجالس میں بیان کرتے کہ امام ابو حنیفہ سے دو مرتبہ کفر سے توبہ کروائی گئی۔ تاہم جب ان سے اس کا سبب دریافت کیا گیا تو انہوں نے وضاحت کی کہ یہ توبہ کفر سے متعلق نہ تھی۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ بعض اوقات تعصب کی بنا پر ادھورا واقعہ بیان یعنی جب تک ان سے پوچھا نہ گیا تو وہ ادھوری روایت بیان کرتے تھے کہ ابو حنیفہ سے کفر سے توبہ کی جس کو بڑے بڑے محدثین جیسے ابن عیینہ ، احمد بن حنبل نے بھی جوں کا توں بیان کیا ، جس سے امام ابو حنیفہ کی ذات پر کیچڑ اچھالا گیا ، بڑے بڑے محدثین نے پوری روایت جاننے کی کوشش تک نہ کی ، لیکن جب امام شعبہ کے شاگرد امام ابو قطن نے ہمت کر کے سفیان ثوری سے پورا واقعہ پوچھا تو سفیان ثوری پہلے نادم ہوئے ، جھوٹ تو بول نہ سکتے تھے اس لئے سچائی بتائی کہ وہ توبہ کفر سے تھی ہی نا۔ قارئین اگر امام ابو قطن یہ بات سفیان ثوری سے نہ پوچھتے تو شاید آج تک محدثین یہی ادھوری بات بتاتے اور لکھتے رہتے کہ ابو حنیفہ نے دو بار کفر سے توبہ کی ۔ الغرض محدثین نے ہمیشہ امام ابو حنیفہ کے بغض میں ان کےخلاف الزامات کی تحقیق نہیں کی ، جیسی ادھوری کچی پکی روایت سنی وہی آگے بیان کی ۔
اللہ ان کی مغفرت فرمائے.
خلاصہ و نتیجہ
مندرجہ بالا تین مضبوط روایات اور واقعات سے یہ واضح ہوتا ہے کہ:
اعتراضات کی کوئی مضبوط بنیاد نہ تھی: اگر امام ابو حنیفہ واقعی کسی علمی یا دینی خطا کے مرتکب ہوتے تو امام سفیان ثوری جیسے جلیل القدر محدث دلیل اور وضاحت کے ساتھ ان کی غلطی بیان کرتے۔ مگر خاموشی، سر جھکانا، اور استغفار کرنا اس بات کی علامت ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ پر کی گئی جروحات اور اعتراضات کی کوئی علمی بنیاد نہیں تھی۔
محض وقتی معاصرت اور دور کے اختلافات کا اثر تھا: امام سفیان ثوری اور امام ابو حنیفہ ایک ہی زمانے کے عظیم علماء تھے۔ علمی میدان میں بعض اوقات ایسا ہوتا ہے کہ معاصرین کے درمیان سختی اور کشیدگی پیدا ہو جاتی ہے۔ امام سفیان ثوری کا طرزِ عمل ظاہر کرتا ہے کہ ان کے اعتراضات بھی زیادہ تر اسی وقتی معاصرت کا نتیجہ تھے، نہ کہ کسی اصولی نقص یا دینی خیانت پر مبنی۔
باطنی اعترافِ عظمت: امام سفیان ثوری رحمہ اللہ ظاہری طور پر کچھ سخت باتیں کہنے کے باوجود جب حقیقت سے سامنا ہوتا، تو امام ابو حنیفہ کی علم پرستی، دیانت، اور سنت کی پیروی کو تسلیم کرتے اور ان پر ہونے والے طعن پر اللہ سے استغفار کرتے۔
امام ابو حنیفہ کی حقانیت کا غیر شعوری اعتراف: انسان کا اصل کردار اُس وقت سامنے آتا ہے جب وہ تنہائی یا غیر رسمی گفتگو میں دل کی بات کرتا ہے۔ امام سفیان ثوری کا شاگردوں کے سامنے بار بار امام ابو حنیفہ کی عظمت کا اعتراف اس بات کا بین ثبوت ہے کہ دل کی گہرائیوں میں وہ امام ابو حنیفہ کو عظیم امام مانتے تھے۔
آخری نتیجہ:
حقیقت یہ ہے کہ امام ابو حنیفہ رحمہ اللہ علم و تقویٰ کا ایسا روشن مینار تھے کہ ان کے مخالفین بھی جب دیانت سے سوچتے، تو ان کی عظمت کا اعتراف کیے بغیر نہ رہ سکتے۔
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں