اعتراض نمبر ۴۷ : ایک زانی کے زنا پر چار گواہ ہیں۔ دو تو کہتے ہیں کہ وہ عورت راضی نہ تھی، دو کہتے ہیں وہ بھی راضی تھی، تو نہ عورت کو حد لگائی جائے گی نہ مرد کو۔ امام ابو حنیفہ کا فتویٰ یہی ہے اور ان کے شاگرد امام زفر بھی ان کے ساتھ ہیں
اعتراض نمبر ۴۷
إن شهد اثنان أنه زنى بفلانة فاستكرهها وآخران أنها طاوعته درئ الحد عنهما جميعا عند أبي حنيفة وهو قول زفر. (هدايه يوسفي جلد ٢ ص ٥٠٠ باب الشهادة على الزنا)
یعنی ایک زانی کے زنا پر چار گواہ ہیں۔ دو تو کہتے ہیں کہ وہ عورت راضی نہ تھی، دو کہتے ہیں وہ بھی راضی تھی، تو نہ عورت کو حد لگائی جائے گی نہ مرد کو۔ امام ابو حنیفہ کا فتویٰ یہی ہے اور ان کے شاگرد امام زفر بھی ان کے ساتھ ہیں۔ (درایت محمدی ص ۹۹، ہدایت محمدی ص ۱۰)
جواب:
نہ صرف امام زفر ہی ان کے ساتھ ہیں بلکہ امام مالک، امام شافعی، امام احمد رحمہم اللہ تعالیٰ بھی ان کے ساتھ ہیں۔ دیکھو فتح القدیر نولکشور ج ۲ ص ۶۰۷۔
میں کہتا ہوں مولوی وحید الزمان مترجم صحاحِ ستہ بھی ان کے ہی ساتھ ہیں۔ چنانچہ وہ نزل الابرار جلد دوم کے صفحہ ۳۹۹ میں لکھتے ہیں:
ولو شهد اثنان منهم على أنه زنا بها وهي مكرهة فلا حد على واحد منهما.
ترمذی شریف میں ہے:
قال عليه السلام: ادرؤوا الحدود عن المسلمين ما استطعتم، فإن كان له مخرج فخلوا سبيله، فإن الإمام أن يخطئ في العفو خير من أن يخطئ في العقوبة.
ایک دوسری حدیث میں آیا ہے:
ادرؤوا الحدود بالشبهات.
تو اس مسئلہ میں اس لیے حد نہیں کہ ان چار گواہوں میں سے دو گواہ یقیناً کاذب ہیں، تو نصابِ شہادت پورا نہ ہوا۔
علاوہ ازیں فعلِ زنا دونوں کے ساتھ قائم ہوتا ہے۔ اس صورت میں عورت کی جانب سے اختلاف ہے۔ دو کہتے ہیں کہ وہ مطاوِعہ ہے، دو کہتے ہیں مکرَہہ ہے، تو مرد کی جانب بھی لامحالہ اختلاف ہوا۔ اس لیے کہ مطاوِعہ کے ساتھ زنا کرنا اور ہے اور مکرَہہ کے ساتھ اور ہے۔ دو گواہ مطاوِعہ کی شہادت دیتے ہیں، دو مطاوِعہ کی نفی کرتے ہیں، تو نصابِ شہادت متحقق نہ ہوا، چار گواہ ثابت نہ ہوئے۔
عورت کا اگر مکرَہہ ہونا ثابت ہوتا تو مکرَہہ پر حد نہیں، اگر مطاوِعہ ہے تو حد ہے۔ یہ بھی شبہ پیدا ہو گیا اور شبہات سے حد اٹھ جاتی ہے۔ لہٰذا حد ساقط ہوگئی۔
اس مسئلہ کے خلاف اگر کوئی حدیث رکھتا ہے تو پیش کرے۔
-----------------------------------------------------------------------------------------------------
پیشکش: النعمان سوشل میڈیا سروسز
تبصرے
ایک تبصرہ شائع کریں